Thursday, July 26, 2012

فاروق رحمانی کی طرف سے فوج کے ہاتھوں بانڈی پورہ کے نوجوان کے قتل کی شدید مذمت

ہندوستانی فوج منظم سازش کے تحت کشمیریوں کا خون کررہی ہے۔
اسلام آباد26جولائی(پ ر)
جمو ں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے ہندوستانی فوج کی آر آر 27پاری بل کیمپ آلوسہ بانڈی پورہ کے ہاتھوں بے گناہ نوجوان ہلال احمد ڈار کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ 
محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ کشمیرمیں بے گناہ شہریوں کا قتل بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کا معمول بن چکاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے ذریعے غیر قانونی قبضے، فوجیوں کی تعیناتی اور کالے قوانین کے تسلسل پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں نوجوانوں کو گھروں سے پکڑ کر لیا جا تا ہے اور انہیں بندوق گلے میں ڈال کرگولیوں کا نشا نہ بنا دیا جاتا ہے اور پھر اعلان کیاجا تا ہے کہ یہ فوج کے ساتھ لڑائی میں مارے گئے۔ جس کی تازہ مثال ہلال احمد ڈار ساکن آلوسہ بانڈٰ پورہ کی ہے جو ایک سیمنٹ فیکٹڑی میں ملازم تھا اور گھر کا واحد کفیل تھا۔
محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ کشمیرمیں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتظامیہ کا اخلاقی دیوالیہ پن ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نوازجماعتیں خود ساختہ انسانی اقدار اور اچھی حکمرانی پر محض تقاریر کرتے ہیں لیکن کشمیریوں پر بھارتی پولیس کے ظلم و ستم اور تشدد پر خاموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت انتہائی مذموم عزائم رکھتاہے اور مقبوضہ علاقے میں اس کا ظلم و ستم مزید بدترین شکل اختیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامک کانفرنس تنظیم اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارت کے مکروہ عزائم کا نوٹس لیں۔ 

No comments:

Post a Comment